نئی دہلی 16 اکتوبر(ایس او نیوز) معروف امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل میں پورے صفحے کا ایک اشتہار چھپا ہے جس میں وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن اور 10 سینئر سرکاری عہدیداروںمطلوبہ قرار دیا گیا ہے۔ اشتہارمیں ہندوستان کو مبینہ طور پر سرمایہ کاری کے لیے غیر محفوظ مقام قرار دیا گیا ہے اور سرمایہ کاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ہندوستان سے دورہی رہیں۔
مودی حکومت کی مخالفت میں چھپے اس اشتہار میں ان کا تعارف ایسے عہدیداروں کے طور پر کیا گیا جو ہندوستان کو "سرمایہ کاری کے لیے ایک غیر محفوظ جگہ" بناتے ہیں۔ اس میں نچلے حصے میں ایک QR کوڈ بھی دیا گیا ہے، جو امریکہ میں قائم تھنک ٹینک کی ویب سائٹ پر لے جاتا ہے۔
اشتہار میں ہندوستان کی وزیر خزانہ نرملا سیتارامن سمیت 14 افراد کے نام دیے گئے ہیں اور کہا گیا ہے کہ یہ لوگ ہندوستان کے آئینی اداروں کو سیاست اور صنعت سے وابستہ مخالفین کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔
اشتہار میں مطالبہ کیا گیا کہ امریکہ گلوبل میگنٹسکی ہیومن رائٹس احتساب ایکٹ کے تحت اقتصادی اور ویزا کے معاملات میں ہندوستان پر پابندیاں عائد کرے۔ امریکی حکومت کو اس قانون کے تحت یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسی غیر ملکی اہلکار یا رہنما کی جائیداد ضبط کر سکتی ہے، اس پر پابندیاں لگا سکتی ہے اور اس کے اپنے ملک میں داخلے پر بھی پابندی لگا سکتی ہے۔
کہا جاتا ہے کہ یہ اشتہار ایک ناراض ہندوستانی تاجر رامچندرن وشواناتھن اور ان کے حامیوں نے شائع کرایا ہے۔ وشواناتھن کمپنی دیواس کے سابق سی ای او ہیں۔ یہ کمپنی دسمبر 2004 میں بنائی گئی تھی، جو سیٹلائٹ اور ٹیریسٹریل سسٹمز کے ذریعے ملٹی میڈیا مواد کی تقسیم کے لیے ایک پلیٹ فارم تیار کرتی ہے۔
یہ متنازعہ اشتہار ایک ایسے وقت میں شائع ہوا ہے جب ہندوستان کی وزیر خارجہ نرملا سیتا رمن خود امریکہ کے دورے پر ہیں۔ سالیسٹر جنرل تشار مہتا، ایڈیشنل سالیسٹر جنرل این وینکٹارمن، سپریم کورٹ کے جج ہیمنت گپتا اور وی راما سبرامنیم ان لوگوں میں شامل ہیں جن پر اشتہار میں پابندی لگانے کی کوشش کی گئی ہے۔ ان کے علاوہ اسپیشل جج چندر شیکھر، ای ڈی کے سنجے کمار مشرا، ای ڈی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر آر راجیش، سی بی آئی کے ڈی ایس پی آشیش پاریک، ایڈیشنل سالیسٹر جنرل این وینکٹارمن اور ای ڈی کے ڈپٹی ڈائریکٹر اے صادق محمد کی تصاویر بھی شائع کی گئی ہیں۔